ہوم پیج / سالانہ مسابقہ

سالانہ مسابقہ

رجوع الی القرآن کی مہم کو فروغ دینے کے لیے طلبہ کو قرآن مجید سے قریب کرنے اور قرآن اور قرآنی تعلیمات کے سلسلہ میں غیر مسلمین کے اعتراضات کو دور کرنے اور قرآن کے آفاقی اور دائمی پیغام کو براہ راست سمجھنے کے لیے ادارہ ۲۰۰۸ سے کل ہند سطح پر مسابقہ مقالہ نویسی منعقد کرتا رہا ہے۔ جس میں تحقیق و تصنیف سے دلچسپی رکھنے والے مدارس و جامعات کے طلبہ کو مخصوص عناوین کے تحت مقالہ نگاری کی دعوت دی جاتی ہے۔ کامیاب افراد کو نقد انعام کے علاوہ ہر شریک مسابقہ کو توصیفی اسناد دی جاتی ہیں۔

مقالات کی تحکیم کا ایک شفاف اور مستحکم نظام بنایا گیا ہے۔ ابتدائی اعلان ہی میں شرکاء سے خواہش کی جاتی ہے کہ اندرون مقالہ شخصی شناخت کی کوئی علامت نہ چھوڑیں، مقالات موصول ہونے کے بعد سر ورق ہٹا کر ان کی کوڈنگ کی جاتی ہے اور پھر دولا ئق ریفری صاحبان کی خدمت میں اس گذارش کے ساتھ مقالات روانہ کیے جاتے ہیں کہ مواد کا معیار، موضوع سے تعلق، طرز نگارش اور ماخذ وحوالہ جات کا لحاظ رکھتے ہوئے فیصلہ کریں۔ دونوں ریفری صاحبان کے نتائج موصول ہونے کے بعد سر بمہر انہیں صدر حکم کے پاس روانہ کیا جاتا ہے ، وہ ریفری صاحبان کے نتائج ، ملاحظات اور تاثرات نیز مقالات کا جائزہ لے کر آخری فیصلہ کرتے ہیں۔ ان تمام مراحل کی نگرانی ایک کمیٹی کرتی ہے۔ صدر حکم کے فیصلہ کے بعد کمیٹی اس پروسیس کا ایک بار پھر جائزہ لیتی ہے۔ تمام مراحل کے بخیر و خوبی انجام پذیر ہونے پر اطمینان کر لینے کے بعد نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے۔ الحمد للہ دن بدن اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اب تک کے تمام مسابقوں کی رپورٹ درج ذیل ہے۔