کسی بھی علمی مرکز اور ادارہ کے لیے لائبریری و کتب خانے رگِ جاں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس کے پیش نظر ادارہ علوم القرآن کے ساتھ ہی اس کی لائبریری کا قیام بھی عمل میں آیا۔ شروع ہی سے یہ کوشش رہی ہے کہ یہ لائبریری قرآنیات کے ساتھ مختص ہو اور اسے قرآنی علوم سے متعلق کتابوں کا ایک ایسا مخزن بنایا جائے جس میں اس اہم موضوع پر مطالعہ و تحقیق کے لیے مختلف زبانوں میں بہترین مواد فراہم ہو سکے اور یہ قرآنیات پر ایک حوالہ (Reference) لائبریری کا کام دے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس جہت میں کوششیں بار آور ہو رہی ہیں۔ اس وقت اس کی لائبریری میں علوم اسلامیہ بالخصوص قرآنیات پر اردو، عربی و انگریزی کتابوں کا اچھا خاصا ذخیرہ دستیاب ہے۔
ادارہ کی لائبریری کے قیمتی ذخائر میں اسلامی علوم کے مختلف پہلوؤں پر متعدد ریفرنس کتابیں بھی شامل ہیں۔ اس لائبریری میں ترجمان القرآن مولانا حمید الدین فراہی اور مولانا امین احسن اصلاحی کی تصنیفات اور ان پر اہم کتب، تحقیقی مقالات و مضامین کے لیے بھی ایک گوشہ مخصوص ہے۔ کتابوں کے علاوہ اردو، عربی و انگریزی کے معیاری رسائل بھی اس لائبریری کا ایک اہم حصہ ہیں جو ہندو بیرون ہند سے ششماہی علوم القرآن کے تبادلہ میں موصول ہوتے ہیں۔ لائبریری کے ذخیرہ میں ادارہ کی اپنی کتابوں کے علاوہ بعض اراکین ادارہ کی جانب سے عاریة وامانۂ دی گئی کتابیں بھی شامل ہیں۔ لائبریری کی توسیع و ترقی اور اسے مزید مفید و بہتر بنانے کے لیے مسلسل تگ و دو جاری ہے۔ ادارہ کو بعض علمی و اشاعتی مراکز ، ناشرین کتب مصنفین اور اصحاب خیر سے فراخدلانہ تعاون مل رہا ہے اس کے لیے اراکین ادارہ ان حضرات کے بے حد ممنون ہیں۔
سوشل