ہوم پیج / ادارہ علوم القرآن ایک تعارف

ادارہ علوم القرآن ایک تعارف

ادارہ علوم القرآن ایک تعارف

قرآن مجید خالق کائنات کی طرف سے انسانیت کے لیے آخری صحیفۂ ہدایت اور رہتی دنیا تک کے لیے رب العالمین کی مرضیات کا ترجمان ہے۔ قرآن کریم کی اس عظمت اور اللہ تعالیٰ کے اس عظیم احسان کی صحیح شکر گذاری کا تقاضا ہے کہ ہماری فکر ونظر کا محور ومرکز یہی کتاب الٰہی ہو اور عملی زندگی کے ہرگوشہ میں یہ نور مبین ہمارے لیے حقیقی مشعل راہ ہو۔ قرآنی حقائق ومعارف سے فیض یاب ہونے اور اس کے متعین کردہ خطوط پر انفرادی واجتماعی زندگی کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے کہ اس پر غور وفکر کا سلسلہ بغیر کسی انقطاع کے جاری رہے اور اس کی تعلیم وتشریح کا آوازہ برابر بلند ہوتا رہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مسلمان کسی دور میں بھی اس احساس سے خالی نہیں رہے، لیکن کتاب اللہ کی عظمت اور اس کی اساسی حیثیت کا تقاضا ہے کہ نگاہیں ہروقت اس کی طرف متوجہ رہیں، مختلف انداز اور مختلف پہلوؤں سے اس سے ربط وتعلق کو ہمیشہ تازہ واستوار رکھا جائے اور قرآنی علوم ومعارف کی توسیع واشاعت کے لیے ہرممکن کوشش جاری رہے۔
اسی احساس کے پیش نظر اللہ تعالیٰ کی توفیق ومدد سے ۱۹۸۴میں ادارہ علوم القرآن کا قیام عمل میں آیا۔

مقاصد

۱۔ اسلام کے دستور اساسی قرآن کریم کو محور بناکر امت اور انسانیت کو درپیش مسائل کا حل پیش کرنا۔
۲۔ قرآن وسنت کی روشنی میں علوم دینیہ کی تجدید اور علوم جدیدہ کی تطہیر۔
۳۔ قرآن کریم سے متعلق اہم موضوعات پر علمی وتحقیقی کام۔

دائرہ کار

۱۔ قرآنی افکار وعلوم کی اشاعت کے لیے ایک معیاری رسالہ کا اجرا ۔
۲۔ قرآنیات سے متعلق اہم موضوعات پر علمی وتحقیقی کتابوں کی تیاری اور اشاعت کا اہتمام۔
۳۔ علوم اسلامیہ بالخصوص قرآنیات سے متعلق ایک وسیع لائبریری کا قیام۔
۴۔ قرآنیات پر مطالعہ وتحقیق کے لیے طلبہ کی تربیت ونگرانی اور اس مقصد کے حصول کے لیے وظائف ودیگر سہولیات کی فراہمی۔
۵۔ قرآنیات سے متعلق کانفرنس، سیمینار، درس کی مجالس اور مذاکرات کا اہتمام۔
۶۔ علوم اسلامیہ کے مراکز اور ہم مقصد اداروں سے تعاون ورابطہ۔

ذمہ داران ادارہ

صدر : پروفیسر اشتیاق احمد ظلی
نائب صدر : پروفیسر سید مسعود احمد
سکریٹری : پروفیسر عبد العظیم اصلاحی
معاون سکریٹری : ڈاکٹر عرفات ظفر
خازن : جناب نسیم احمد خان